۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حوزہ علمیہ شہید ثالث رح

حوزہ/ حجت الاسلام والمسلمین شمس الدین کارگر: امام خمینی رہ کی تقریر نے لوگوں کے اندر ایک نیا جوش پھونک دیا۔ آخرکار شہدا کا خون رنگ لایا اور انقلاب اسلامی کو کامیابی ملی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حوزہ علمیہ شہید ثالث قدس سرہ قم المقدسہ میں عشرہ فجر کی مناسبت سے عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا۔ عشرہ فجر ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر ایرانی کلنڈر کے گیارہویں مہینہ کی 12 سے 22 تاریخ تک منایا جاتا ہے۔

پروگرام کا آغاز طلبہ محترم علی حسین زید توفیقاتہ کی تلاوت کلام مجید سے ہوا، اسکے بعد مدرسہ کے طلاب نے اشعار پیش کئے۔

اشعار کے بعد آقای محمد باقر متولی کارشناس مسئول سنجش جامعہ المصطفی (ص) جو ایک انقلابی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور انکے دو بھائی انقلاب اسلامی ایران کی راہ میں شہید ہوئے ہیں، نے نہایت پرجوش انداز میں جلسہ سے خطاب کیا۔

انھوں نے سورہ ابراہیم کی پانچویں آیت وذکرھم بایام اللہ کے ضمن میں انقلاب اسلامی کی راہ میں پیش کی گئی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: شاہ کے وقت میں بہت زیادہ ظلم و ستم تھا۔ لوگوں کے پاس ضروریات زندگی کا سامان بھی موجود نہیں تھا۔ لوگ ساواک(شاہ کے زمانہ کی انٹیلیجینٹ) کی بربریت سے پریشان تھے۔ اگر کوئی ان مظالم کے بارے میں بات کرتا گرفتار کر لیا جاتا تھا۔ ایسے حالات میں لوگوں نے امام خمینی رہ کی بہیمانہ اور با بصیرت رہنمائی میں اپنی قربانیاں پیش کرکے انقلاب کو کامیابی دلائی۔

پروگرام کے آخر میں مسجد سر حوض کے امام جماعت حجت الاسلام والمسلمین شمس الدین کارگر نے عشرہ فجر کے دوران کے واقعات بیان کئے۔ انھوں نے فرمایا: شاہ کے ایران سے بھاگنے کے بعد جب امام خمینی رہ ایران تشریف لائے تو ہم لوگ ان سے ملاقات کے لئے تہران گئے۔ کئی کلو میٹر تک تل دھرنے تک کی جگہ نہین تھی۔ میں نے اس وقت تک انکو نہیں دیکھا تھا۔ جس وقت وہ تقریر کرنے کے لئے اسٹیج پر آئے تو ایسا لگا کہ جیسے سورج نکل آیا ہو۔ لوگ انکو دیکھ کر خوشی کے آنسو بہا رہے تھے اور امام کے ایک اشارہ پر اپنی جان قربان کر دینے کے نعرے لگا رہے تھے۔ امام خمینی رہ کی تقریر نے لوگوں کے اندر ایک نیا جوش پھونک دیا۔ آخرکار شہدا کا خون رنگ لایا اور انقلاب اسلامی کو کامیابی ملی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .